ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ’بارش اور وبا کے وقت دہلی چھوڑ جے پور میں چھٹیاں منا رہے وزیر اعلیٰ کیجریوال‘: چودھری انل کمار

’بارش اور وبا کے وقت دہلی چھوڑ جے پور میں چھٹیاں منا رہے وزیر اعلیٰ کیجریوال‘: چودھری انل کمار

Thu, 02 Sep 2021 10:53:34    S.O. News Service

نئی دہلی،2؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری انل کمار نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے جے پور دورہ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ایک بار پھر شہر اور لوگوں کو بھگوان بھروسے چھوڑ دیا ہے۔ چودھری انل کمار نے کہا کہ دو گھنٹے کی مانسونی بارش نے راجدھانی کو پوری طرح سے غرقاب کر دیا، جس سے گھنٹوں ٹریفک جام کی حالت پیدا ہو گئی۔ ساتھ ہی دہلی کے بیچوں بیچ لودی روڈ پر لوگوں کو سیلاب والی سڑکوں کو پار کرنے کے لیے کشتی کا استعمال کرنا پڑا۔

بدھ کے روز ڈی پی سی سی دفتر راجیو بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری انل کمار نے کہا کہ ’’کیجریوال 10 روزہ ذہنی سکون کے لیے گئے ہوئے ہیں۔ ایسے وقت میں جب بدامن نظامِ قانون کی حالت اور مانسون کی بارش کے سبب راجدھانی میں ان کی موجودگی کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔ قومی راجدھانی میں اس وقت قہر برپا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’آفیشیل ذرائع کا کہنا ہے کہ دہلی میں ہر دن کم از کم چھ عصمت دریاں ہوتی ہیں۔ غریب لڑکیاں عام طور پر شکار بن رہی ہیں۔ یہ ایک سنگین فکر کا موضوع بن گیا ہے، کیونکہ غریب نابالغ لڑکیوں کے ساتھ عصمت دری اور خواتین پر حملے بار بار ہونے والی خصوصیات بن گئی ہیں۔‘‘

چودھری انل کمار نے الزام عائد کیا کہ دہلی میں لوگ بے روزگاری، آسمان چھوتی قیمتوں، بگڑتے نظامِ قانون کی حالت، 1000 نئی ڈی ٹی سی بسوں کی خرید اور رکھ رکھاؤ معاہدہ میں 4000 کروڑ روپے کی بدعنوانی، مانسون میں آبی جماؤ کے مسئلہ، شہری بنیادی ڈھانچے کی گراوٹ سے متاثر ہیں۔ کووڈ-19 وبا کا قہر بھی ہے جس نے ہر فیملی کو متاثر کیا ہے۔‘‘


Share: